چنئی، 4؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے ہفتے کے روز ریاست کے کئی اضلاع میں کورونا کے بڑھتے کیسوں کے پیش نظر لاک ڈاؤن 12جولائی تک بڑھائے جانے کا اعلان کیا-
مسٹر اسٹالن نے طبی ماہرین اور سینئر افسروں کے ساتھ کووڈصورتحال کا جائزہ لینے کے بعد لاک ڈاؤن کو مزید ایک ہفتے کیلئے بڑھانے کا فیصلہ کیا حالانکہ اس بار پابندیوں میں کٹیگری کے بجائے پورے صوبے میں یکساں چھوٹ بھی دی گئی ہے -
ریاست میں مکمل لاک ڈاؤن10مئی کو لگایا تھا جس کے بعد مرحلہ وار ڈھنگ سے چھوٹ کے ساتھ ہر ہفتے اس کی توسیع کی جاتی رہی ہے - فی الحال لاک ڈاؤن کی مدت پانچ جولائی کو ختم ہو رہی ہے - قبل ازیں کورونا کیسوں کی بنیاد پر اضلاع کو تین کٹیگری میں رکھ کر لاک ڈاؤن میں رخصت دی گئی تھی- وزیراعلیٰ نے اس کٹیگرائیزیشن کو ختم کرتے ہوئے پیر کے روز ریاست کے تمام اضلاع میں یکساں چھوٹ دینے کا اعلان کیا ہے -
مسٹر اسٹالن نے کہا کہ اس دوران انٹر-اسٹیٹ سرکاری اور پرائیویٹ بس سروسز پر پابندی جاری رہے گی- ریاست کے تمام سنیما گھر، بار، سوئمنگ پول، سماجی اور سیاسی میٹنگ، انٹرٹین منٹ سے متعلق پروگرام، کھیل انعقاد، اسکول، کالج اور چڑیا گھر بھی بند رہیں گے -